دل کو نور کا اہل بنانا – عملی رہنمائی اور اطلاق

دل کی اہمیت

  • آیتِ نور اور نور سے متعلق مسنون دعاؤں سے معلوم ہوتا ہے کہ اصل روشنی صرف آنکھوں کی روشنی نہیں، بلکہ دل کی بصیرت، عقل کی پاکیزگی، نیت کی درستی اور عمل کی صالحیت ہے۔ جب دل اللہ کی معرفت، ایمان، ذکر، تقویٰ اور اطاعت سے روشن ہوتا ہے تو انسان حق کو پہچاننے، خیر کو اختیار کرنے اور باطل سے بچنے کی صلاحیت پاتا ہے۔ اس کے برعکس گناہ، غفلت، تکبر، حسد، بدنگاہی اور دنیا پرستی دل کو مکدر کر دیتے ہیں، یہاں تک کہ انسان حق سن کر بھی متاثر نہیں ہوتا۔
  • آیتِ نور میں زجاجہ (شیشے) کو “كَأَنَّهَا كَوْكَبٌ دُرِّيٌّ” (موتی جیسا چمکتا ستارہ) کہا گیا  – یعنی شیشہ اتنا شفاف ہو کہ خود بھی چمکے۔ لیکن ساتھ ہی اشارہ ہے کہ اگر شیشہ میلا ہو تو نور بڑھانے کی بجائے حجاب بن جاتا ہے۔ دل بھی ایسا ہی ہے  – اس کی شفافیت نور کی شرط ہے۔ امام غزالیؒ نے “احیاء علوم الدین” میں لکھا ہے کہ دل ایک آئینے کی مانند ہے  – جب صاف ہو تو اللہ کے نور کو منعکس کرتا ہے، جب زنگ آلود ہو تو نور اس میں ٹھہر نہیں سکتا۔
  • دل انسان کی روحانی اور اخلاقی حالت کا مرکز ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: “بے شک جسم میں گوشت کا ایک ٹکڑا ہے، اگر وہ صحیح ہو تو پورا جسم صحیح ہوگا اور اگر وہ خراب ہو تو پورا جسم خراب ہوگا۔ خبردار! وہ دل ہے” (صحیح بخاری و مسلم)
  • اللہ تعالیٰ شکلوں اور اموال کو نہیں دیکھتا، بلکہ دلوں اور اعمال کو دیکھتا ہے (صحیح مسلم) ۔
  •  اسی لیے دل کی اصلاح اور تطہیر دینی زندگی  میں بنیادی اہمیت  کی حامل ہے۔

دل کو مکدر کرنے والے اعمال

  1. گناہ اور معصیت  –  دل پر زنگ

دل کو سب سے زیادہ تاریک کرنے والی چیز گناہ  اور اس پر اصرار ہے۔ ایک غلطی انسان سے ہو سکتی ہے، لیکن جب انسان توبہ کے بجائے گناہ کو معمول بنا لے تو دل پر غفلت کی تہیں جمنا شروع ہو جاتی ہیں۔ قرآن نے ایسے دلوں کو بیمار، سخت اور غافل دل کہا ہے

نبی کریم ﷺ نے فرمایا؛

 إِنَّ اَلْمُؤْمِنَ إِذَا أَذْنَبَ كَانَتْ نُكْتَةٌ سَوْدَاءُ فِي قَلْبِهِ فَإِنْ تَابَ وَ نَزَعَ وَ اِسْتَغْفَرَ صُقِلَ قَلْبُهُ مِنْهُ وَ إِنْ زَادَ زَادَتْ فَذَلِكَ اَلرَّيْنُ اَلَّذِي ذَكَرَهُ اَللَّهُ فِي كِتَابِهِ كَلاّٰ بَلْ رٰانَ عَلىٰ قُلُوبِهِمْ مٰا كٰانُوا يَكْسِبُونَ

بندہ جب کوئی گناہ کرتا ہے تو اس کے دل میں ایک سیاہ نکتہ پڑ جاتا ہے، پھر جب وہ گناہ کو چھوڑ دیتا ہے اور استغفار اور توبہ کرتا ہے تو اس کے دل کی صفائی ہو جاتی ہے (سیاہ دھبہ مٹ جاتا ہے) اور اگر وہ گناہ دوبارہ کرتا ہے تو سیاہ نکتہ مزید پھیل جاتا ہے یہاں تک کہ پورے دل پر چھا جاتا ہے، اور یہی وہ “ران” ہے جس کا ذکر اللہ نے اس آیت (كلا بل ران على قلوبهم ما كانوا يكسبون) یوں نہیں بلکہ ان کے دلوں پر ان کے اعمال کی وجہ سے زنگ (چڑھ گیا ہے (سنن ترمذي – حدیث نمبر: 3334)

2. غفلت –  نور کا سب سے بڑا دشمن

قرآن کریم نے غافل دل کو بار بار ملامت کی ہے:

(وَلَا تُطِعْ مَنْ أَغْفَلْنَا قَلْبَهُ عَن ذِكْرِنَا) (الکہف: ۲۸)

“اس شخص کی اطاعت نہ کرو جس کے دل کو ہم نے اپنی یاد سے غافل کر دیا۔” غفلت دھیرے دھیرے آتی ہے  – دنیا کی مصروفیات، بے مقصد وقت گزاری، ذکرِ الٰہی سے دوری    – دنیا کی ضرورتیں جائز ہیں، مگر جب دنیا ہی مقصد بن جائے، آخرت بھول جائے، نماز بوجھ لگنے لگے اور قرآن سے تعلق کمزور ہو جائے تو دل آہستہ آہستہ اندھیرا ہونے لگتا ہے

3. دنیا کی محبت  –  دل کا بوجھ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا ؛ حُبُّ الدُّنْيَا رَأْسُ كُلِّ خَطِيئَةٍ “دنیا کی محبت ہر خطا کی جڑ ہے۔” (بیہقی)

جب دل دنیا کی محبت سے بھر جاتا ہے تو آخرت اور اللہ کی یاد کے لیے جگہ نہیں بچتی اور جہاں اللہ کی یاد نہ ہو وہاں نور نہیں ٹھہرتا

4. تکبر اور خود پسندی  – نور کی ضد

امام ابنِ القیمؒ نے لکھا ہے کہ تکبر اور نور ایک دل میں جمع نہیں ہو سکتے  (مدارج السالکین ) کیونکہ نور اللہ کی طرف سے آتا ہے اور تکبرانسان کے نفس کی طرف سے جو اسے  اپنی طرف کھینچتا ہے۔ جو شخص خود کو بڑا سمجھے وہ اللہ کے نور کو قبول کرنے کی صلاحیت کھو دیتا ہے۔

5. حسد، بغض اور کینہ

حسد، بغض اور کینہ دل کے آئینے پر وہ گرد ہیں جو انسان کو خیر خواہی، معافی اور اخلاص کے نور سے محروم کر دیتے ہیں۔ جب دل دوسروں کی نعمت پر جلنے، بدلہ رکھنے یا نفرت پالنے لگتا ہے تو اس کی صفائی ختم ہو جاتی ہے، اور ایسا دل اللہ کے نور، سکون اور ہدایت کو پوری طرح قبول نہیں کر پاتا

6. حرام  (نظر ، کان اور رزق) – نور کا دروازہ بند کرنا

نبی کریم ﷺ نے فرمایا ؛

إِنَّ النَّظْرَةَ سَهْمٌ مِنْ سِهَامِ إِبْلِيسَ مَسْمُومٌ، مَنْ تَرَكَهَا من مَخَافَتِي أَبْدَلْتُهُ إِيمَانًا يَجِدُ حَلاوَتَهُ فِي قَلْبِهِ

“نظر ابلیس کے تیروں میں سے ایک تیر ہے  جو شخص میرے خوف کی وجہ سے اسے چھوڑ دے گا، تو میں اس کے بدلے اسے ایسا ایمان عطا کروں گا جس کی مٹھاس وہ اپنے دل میں محسوس کرے گا ”  (رواه الحاكم، والطبراني)

آیتِ نور میں “يَغُضُّوا مِنْ أَبْصَارِهِمْ” (نظر نیچی رکھیں) کا حکم اسی لیے آیا ، کیونکہ حرام نگاہ دل میں وہ تصویریں چھوڑتی ہے جو نور کو دھندلا کر دیتی ہیں۔ اسی طرح غیبت، جھوٹ اور فضول کلام کان سے دل تک پہنچ کر اسے میلا کرتے ہیں۔

اسی طرح حرام یا مشتبہ مال اور ذرائع آمدن  سےعبادت کا اثر کم ہوتا ہے، لقمۂ حرام سے دل میں غفلت، سختی اور بے برکتی پیدا ہوتی ہے۔ ایسا رزق عبادت کے ذوق، دعا کی قبولیت اور نیکی کی طرف رغبت میں رکاوٹ بن جاتا ہے، یہاں تک کہ دل کا آئینہ مکدر ہو کر اللہ کے نور اور ہدایت کو پوری صفائی سے قبول نہیں کر پاتا۔

دل کو شفاف اور نورانی بنانے والے اعمال

  1. ایمان کی تجدید اور اخلاص

دل کو نورانی بنانے کا پہلا ذریعہ ایمان کی تجدید اور اخلاص ہے۔ انسان بار بار اپنے دل سے پوچھے، میں یہ کام کس کے لیے کر رہا ہوں؟ اللہ کی رضا کے بچاتی ہے، اور سماعت کی حفاظت دل کو لغو، فحش اور بالیے یا لوگوں کی تعریف کے لیے؟ جب نیت خالص ہو جاتی ہے تو عمل چھوٹا بھی ہو تو اللہ کے ہاں قیمتی بن جاتا ہے۔ اخلاص دل سے ریا، خودنمائی اور شہرت کی خواہش کو کم کرتا ہے، اور یہی صفائی دل کو نورِ ایمان قبول کرنے کے قابل بناتی ہے۔ حضرت حسن بصریؒ فرماتے ہیں: ” جو عمل اللہ کے لیے ہو، وہ دل میں نور پیدا کرتا ہے، اور جو دکھاوے کے لیے ہو وہ دل کو اندھیرا کر دیتا ہے ”

امام غزالیؒ نے لکھا ہے کہ ریا (دکھاوا) دل کے نور کو بالکل بجھا دیتی ہے – کیونکہ نور اللہ کی طرف سے آتا ہے اور جو شخص اللہ کی بجائے لوگوں کی طرف متوجہ ہو وہ اس نور کا راستہ بند کر لیتا ہے۔ خالص نیت، صرف اللہ کے لیے عمل یہ دل میں نور کی بنیاد ہے

2. نگاہ، زبان اور سماعت کی حفاظت  – دل کے نور کی حفاظت

نگاہ، زبان اور سماعت دل کے دروازے ہیں؛ جو کچھ انسان دیکھتا، سنتا اور بولتا ہے وہ آہستہ آہستہ دل پر اثر ڈالتا ہے۔ بدنگاہی دل میں خواہشات اور غفلت کا اندھیرا پیدا کرتی ہے، جبکہ غضِّ بصر دل کو پاکیزگی اور حیا کا نور عطا کرتا ہے۔ اسی طرح زبان کی حفاظت انسان کو جھوٹ، غیبت، طنز اور دل آزاری سے طل باتوں کے اثرات سے محفوظ رکھتی ہے۔ جب یہ تینوں دروازے پاک رہتے ہیں تو دل کا آئینہ صاف رہتا ہے، اور وہ اللہ کے نور، ہدایت اور تقویٰ کو قبول کرنے کے قابل بن جاتا ہے

3. قرآن سے تعلق

قرآن خود اللہ کا نازل کردہ نور ہے جو انسان کی فکر، نیت، عمل اور راستے کو روشن کرتا ہے۔ جب انسان قرآن کی تلاوت، تدبر اور عمل کو اپنی زندگی کا حصہ بناتا ہے تو دل کی تاریکیاں چھٹنے لگتی ہیں اور ہدایت کا چراغ روشن ہوتا ہے۔ پھر ایمان کا نور اور قرآن کا نور مل کر انسان کے باطن میں “نورٌ علیٰ نور” کی کیفیت پیدا کرتے ہیں، یعنی روشنی پر روشنی، ہدایت پر مزید ہدایت۔

4. کثرتِ ذکر

ذکرِ الٰہی دل کی صفائی کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے، دل اللہ کے ذکر سے زندہ رہتا ہے۔ جب زبان اور دل اللہ کی یاد سے آباد رہتے ہیں تو دل میں سکون، خشیت اور تقویٰ پیدا ہوتا ہے۔ مسلسل ذکر دل کے آئینے سے زنگ اتارتا ہے، اور اسے اللہ کے نور، ہدایت اور معرفت کو قبول کرنے کے قابل بناتا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا :

اَلَا بِذِكْرِ اللَّهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ

“خبردار! دلوں کو سکون صرف اللہ کے ذکر سے ملتا ہے”  (الرعد: 28)

نبی کریم ﷺ نے فرمایا:

“لِكُلِّ شَيْءٍ صِقَالَةٌ وَصِقَالَةُ الْقُلُوبِ ذِكْرُ اللَّهِ” —

“ہر چیز کی صیقل (صفائی کرنے والا آلہ) ہوتا ہے اور دلوں کی صفائی (اور چمک) اللہ کا ذکر ہے۔” (بیہقی) جس طرح زنگ آلود آئینے کو پالش سے صاف کیا جاتا ہے، دل کی پالش ذکر سے ہوتی ہے

“سبحان اللہ، الحمد للہ، لا الٰہ الا اللہ، اللہ اکبر، استغفر اللہ”

جیسے اذکار دل کو غفلت سے نکالتے ہیں۔

ذکر کا اصل مقصد صرف زبان چلانا نہیں، بلکہ دل کو اللہ کی یاد میں حاضر کرنا ہے۔

5. توبہ و استغفار

توبہ و استغفار دل کو صاف اور نورانی بنانے کا مؤثر ذریعہ ہے، کیونکہ گناہ دل پر سیاہی اور زنگ پیدا کرتے ہیں، جبکہ سچی توبہ اس زنگ کو دھو دیتی ہے۔ جب انسان ندامت کے ساتھ اللہ کی طرف پلٹتا ہے اور بار بار استغفار کرتا ہے تو دل میں عاجزی، خشیت اور اصلاح کی رغبت پیدا ہوتی ہے۔ یوں دل گناہوں کے بوجھ سے ہلکا ہو کر اللہ کے نور، رحمت اور ہدایت کو قبول کرنے کے قابل بن جاتا ہے۔

6. نماز

نبی کریم ﷺ نے فرمایا: “الصَّلَاةُ نُورٌ” نماز نور ہے۔ (مسلم) ۔  نماز دل کو نور کا حامل بناتی ہے، کیونکہ یہ بندے کو دن میں بار بار اللہ کے حضور کھڑا کر کے غفلت، تکبر اور گناہ کے میل کو دھوتی ہے۔ خاص طور پر نمازِ تہجد تنہائی میں اللہ سے تعلق، عاجزی اور اخلاص کو گہرا کرتی ہے؛ اسی لیے رسول اللہ ﷺ تہجد میں نور کی دعا مانگتے تھے: “اے اللہ! میرے دل میں نور، میری زبان میں نور، میری سماعت و بصارت میں نور، اور میرے آگے پیچھے نور فرما۔” گویا تہجد کی نماز دل کو بیدار کرتی ہے، اور دعائے نور اس بیدار دل کو اللہ کے نور، ہدایت اور قرب کا طلبگار بنا دیتی ہے۔ رات کی تاریکی میں اللہ سے ہم کلام ہونا دل میں وہ نور بھرتا ہے جو دن میں ظاہر ہوتا ہے۔

7. صحبتِ صالحین  –  نور کی منتقلی

نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ” الْمَرْءُ عَلَىٰ دِينِ خَلِيلِهِ” یعنی انسان اپنے دوست کے دین اور مزاج سے متاثر ہوتا ہے۔ نیک لوگوں کی صحبت دل کے لیے نور کی مانند ہے۔ان کے اخلاق، ذکر، تقویٰ، خیر خواہی اور اللہ سے تعلق کو دیکھ کر دل میں بھی نیکی کی رغبت پیدا ہوتی ہے

جس طرح ایک روشن چراغ سے دوسرا چراغ جل اٹھتا ہے، اسی طرح اہلِ ایمان کی مجلس انسان کے دل میں ایمان، اخلاص اور عمل کا نور بیدار کرتی ہے۔ اس کے برعکس بری صحبت دل کو غفلت، گناہ اور بے حسی کے اندھیروں میں لے جاتی ہے، جو آہستہ آہستہ دل پر پختہ اثر چھوڑ دیتے ہیں۔

8. حلال رزق اور پاکیزہ معاشرت  – دل کی شفافیت کا ذریعہ

حلال کمائی، سچائی، امانت، وعدے کی پابندی، لوگوں کے حقوق کی ادائیگی اور ظلم سے بچنا دل کو شفاف بناتے ہیں۔ جو رزق پاک ہو اور جس معاشرت میں دیانت، عدل، حسنِ اخلاق اور خیر خواہی ہو، وہاں دل میں سکون، برکت اور نور پیدا ہوتا ہے۔ دل کا نور صرف مسجد میں نہیں بنتا؛ بازار میں دیانت داری، گھر میں حسنِ سلوک، دفتر میں ذمہ داری، اور تعلقات میں انصاف بھی دل کو نورانی بناتے ہیں۔ اس کے برعکس حرام مال، دھوکا، حق تلفی اور ظلم دل پر تاریکی ڈالتے ہیں اور انسان کو عبادت کے باوجود باطنی صفائی سے محروم کر سکتے ہیں۔

دل کا نور:

دل کا نور محض معلومات سے نہیں آتا،یہ اطاعت، توبہ، حیا، ذکر، قرآن، اخلاص اور پاکیزہ عمل سے آتا ہے۔ جو انسان اپنے دل کو گناہ کی آلودگی سے بچاتا اور اللہ کی طرف بار بار پلٹتا ہے، اللہ اس کے دل میں وہ روشنی پیدا فرماتا ہے جس سے وہ حق کو حق اور باطل کو باطل دیکھنے لگتا ہے

یہ بھی دیکھیں

ناموں کے بارے میں ہدایات

کون سے نام رکھنے چاہیے؟  “نام ” کسی بھی چیز کے لیے ایک تعارفی علامت …