- حضرت ابراہیم علیہ السلام کا واقعہ سورۃ الانبیاء(آیات 51-73) میں انبیاء کے متواتر ذکر کے درمیان ایک کلیدی مقام پر آیا ہے، جس کا سورت کے مرکزی مضمون کے ساتھ گہرا ربط ہے
- سورت کا محور توحید کی دعوت ہے، جسےتمام انبیاء کا مشترکہ پیغام کی حیثیت سے پیش کیا گیا ہے۔ اور یہ واقعہ گویا توحید کے عالمی منشور کی حیثیت رکھتا ہے، جو سورت کے مرکزی موضوع کو بڑی جامعیت کے ساتھ پیش کرتا ہے اور دعوتِ حق کے لیے دائمی طور پر مشعلِ راہ ہے
- یہ واقعہ ابراہیم علیہ السلام کی زندگی کے کس حصے سے متعلق ہے؟ یہ واقعہ آپ علیہ السلام کا بچپن، ہدایت کا آغاز، شرک کے خلاف موقف، بت شکنی، قوم سے مکالمہ، قوم کی مخالفت اور انہیں آگ میں ڈالنے کی سازش؛ اللہ کے اذن سے آگ کا اُن کے لئے ٹھنڈی اور سلامتی بن جانا،دعائیں، آگے نسل کی بشارت، اور اللہ کی طرف سے مدد پر مشتمل ہے
- اس واقعے کا مقام اور محل : چونکہ سورت کا مرکزی موضوع توحید ہے تو اس پیغام کے عظیم داعی ابراہیم علیہ السلام کی قوم اور ان کے باپ کی بت پرستی کے خلاف یہ واقعہ ان کی دعوت توحید کا عکاس ہے
- آپ ﷺ جو دعوت پیش کر رہے تھے ، ابراہیم علیہ السلام کا یہ واقعہ اس کو مؤکد کرتا ہے
- ابراہیمؑ نے اپنا پوری زندگی توحید کی دعوت میں لگا دی-یہی وہ پیغام ہے جو ہر نبی لایا۔ ی
- ابراہیمؑ کی قوم نے پیغامِ توحید کو رد کیا، اس کا انجام عبرت بن کر سامنے رکھا گیا -دعوت کو رد کرنے کا انجام خسارہ ہے
- اس قصے سے واضح ہوتا ہے کہ انبیاء کا سامنا ہر دور میں کفر و شرک سے رہا، اور ان کے لیے صبر و استقامت کی ضرورت ہے
قصہ ابراہیم علیہ السلام – اسباق ، دعوتی و تربیتی پہلو
- دعوت دلیل اور حکمت کے ساتھ: ابراہیم علیہ السلام نے دعوتِ توحید میں دلیل اور عقل کی بہترین استعمال کیا – مذہبی اور دعوتی بیانیہ صرف جذباتی نہیں، عقلی بھی ہونا چاہیے۔
- تدریجی دلائل فراہم کرنا: لوگوں کو صرف ایک جملے میں چپ کرانا کافی نہیں، بت پرستی کے عقلی، جذباتی اور عملی پہلوؤں کو بتانے کے لیے عام فہم، عقلی مثالیں درکار ہے۔ دعوت میں حکمت، مناظرہ، اور دلائل کا استعمال ناگزیر ہے
- تکفیر یا تذلیل نہیں بلکہ اصلاحِ معاشرہ: محض بت توڑنا ( نقصان پہنچانا) آپ ؑ کا مقصد نہ تھا بلکہ اس مظاہرے سے لوگوں پر شرک اور بتوں کی نامعقولیت ثابت کر کے لوگوں کو بتوں کی غلامی سے آزاد کرنا تھا
- اخلاقی اور تربیتی اسباق: ابراہیم علیہ السلام کے کردار میں حکمتِ گفتگو، مزاج میں حلم، بحث میں دلائل اور پیغام توحید پر غیر معمولی استقامت میں داعیانِ الی اللہ کے لیے بے شمار اسباق ہیں
- اللہ کی مدد:( آگ کا ٹھنڈا ہو جانا اس حقیقت کی نشانی کہ) اللہ کی مدد اہل ایمان کے ساتھ ہوتی ہے خواہ ظاہری اسباب کتنے ہی مخالف ہوں
- صبر و استقامت: دعوت کے دوران شدید مخالفت اور تکلیف کا سامنا -مگر ابراہیم علیہ السلام نے صبر و استقامت کے ساتھ اللہ کی مدد پر بھروسا رکھا۔ آپؑ نے بچپن سے لے کر جوانی تک، اپنے خاندان، قوم اور طاقتور حکمران کے خلاف تن تنہا توحید کا پرچم بلند رکھا- اہل ایمان کے لیے صبر کا عظیم نمونہ ہے (خاندانی اور سماجی مخالفت پر صبر)
- خاندانی اور معاشرتی ذمہ داری: ابراہیم ؑنے اپنے والد اور قوم کے لیے نصیحت اور شفاعت کا ذریعہ بننے کی کوشش کی – خاندان اور سماج کے لیے دعا اور اصلاح کی کوشش ضروری ہے، چاہے وہ قبول نہ بھی کریں۔
- عدم مداہنت : آپ ؑ کی شدید مخالفت ہوئی لیکن آپ نے توحید کے پیغام پر کوئی سمجھوتہ/مداہنت قبول نہ کی، اپنی قوم اور اپنے والد کے سامنے بت پرستی کی مذمت کھل کر کی
ہزار خوف ہو لیکن زباں ہو دل کی رفیق یہی رہا ہے ازل سے قلندروں کا طریق
- باطل کے مرکز پر براہِ راست ضرب: صرف لسانی اور زبانی دعوت کافی نہیں، بلکہ داعی کو عملی طور پر شرک اور باطل کے مراکز کو چیلنج کرنا چاہیے تاکہ لوگ اس کی حقیقت دیکھ سکیں ( آپؑ نے بتوں کو توڑ کر،صرف سب سے بڑے کو چھوڑ کر قوم کو یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ ان کے معبود بے بس اور بے اختیار ہیں)
- راہِ حق میں نتائج سے بے خوفی: حق کی راہ میں سخت سے سخت نتائج اور مصائب کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا ہی داعی کا شیوہ ہے ( آپؑ کو آگ میں ڈالنے کا حکم دیا گیا، جو کہ جانی خطرہ تھا، لیکن انہوں نے توحید کے موقف سے رجوع نہیں کیا)
- اللہ پر مکمل توکل اور بھروسہ: شدید ترین مشکل حالات میں بھی انسان کو صرف اللہ کی ذات پر بھروسہ کرنا چاہیے، کیونکہ وہی قادرِ مطلق ہے (آگ میں ڈالے جاتے وقت حضرت ابراہیم نے کسی کی مدد لینے کا گمان تک نہ کیا- اللہ پر مکمل بھروسہ)
- تمام امور میں اللہ کی رضا: زندگی کے تمام کاموں میں اللہ کی رضا کو مقدم رکھا۔ یکسو ہو کر اپنا رخ اپنے مالک اور خالق کی طرف۔ ہمارے تمام امور اور ہماری حرکات و سکنات کا مرکز اللہ کی رضا ہو۔
میری زندگی کا مقصد تیرے دیں کی سرفرازی میں اسی لیے مسلماں، میں اسی لیے نمازی
إِنِّي وَجَّهْتُ وَجْهِيَ لِلَّذِي فَطَرَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ حَنِيفًا ۖ –
میں نے تویکسو ہو کر اپنا رخ اُس ہستی کی طرف کر لیا جس نے زمین اور آسمانوں کو پیدا کیا ہے
- انعام الٰہی کا یقین اور امید: آگ کا ٹھنڈا ہو جانا اور پھر انہیں ہجرت کی صورت میں “برکت والی زمین” کا ملنا ان کے صبر اور استقامت کا اجر تھا۔ اللہ کے راستے میں جدوجہد کرنے والوں کا انجام ہمیشہ نجات، رحمت، اور دنیا و آخرت کی بھلائی ہوتا ہے۔ مؤمن کو ہمیشہ اللہ کی نصرت کی امید رکھنی چاہیے۔
- صالح اولاد کے لیے دعا اور کوشش: اللہ نے انہیں صرف نجات ہی نہیں دی بلکہ انہیں حضرت اسحاق اور یعقوب علیہم السلام جیسی صالح اولاد بھی عطا فرمائی ،جس سے نبیوں کا سلسلہ چلا۔ دین کی اقامت کی کوششوں میں نسل کی تربیت اور صالح اولاد کی دعا شامل ہونی چاہیے تاکہ دعوت کا کام جاری رہ سکے۔(آپؑ نے اسماعیل ؑکے ساتھ کعبہ کی تعمیر کے وقت بھی ان کی اولاد میں سے جس رسول کی دعا مانگی تھی اس کا مقصد بھی اس توحید کی دعوت کو پھیلانا اور لوگوں کا کفر و شرک سے پاک کرنا تھا
QuranTazkeer قرآن کی تذکیر اور تدبر